جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

پنجاب حکومت نے 25 مئی کے آزادی مارچ کے دوران کارروائی پر ٹربیونل قائم کردیا

25 مئی کے

لاہور : مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی، 25 مئی کے دن چادر چار دیواری کا تقدس پامال ہوا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ٹریبونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 کی شق 3 کے تحت ٹریبونل قائم کیا گیا ہے، جسٹس (ر) شبر رضا رضوی کو انکوائری کے لیے ون مین ٹریبونل مقرر کر دیا، جو حقائق اور وجوہات، ذمہ داری کا تعین اور اپنی سفارشات پیش کریں گے۔

مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی پرویز الہٰی کی ہدایت پر 25 مئی کے آزادی مارچ کے دوران ن لیگ کے ظلم و بربریت پر ٹربیونل قائم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 مئی کے دن فاشسزم کی انتہاء کرنے والے کردار جلد گرفت میں آئیں گے۔ آزادی مارچ کے دوران غنڈہ لیگ نے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کھلی دہشت گردی اور بربریت کا مظاہرہ کیا تھا۔ پنجاب حکومت کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی، سب امور قانون اور انصاف کے دائرے میں رہ کر انجام دیئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پرویز الہٰی کا وفاق سے پنجاب کو 146 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ آڈیو لیکس سے رجیم چینج آپریشن کے سب کردار نکھر کر سامنے آرہے ہیں۔ جیسے جیسے آڈیو لیکس آرہی ہیں کرپٹ ٹولہ ذہنی بیماری اور غلاظت سے عیاں ہوتا جا رہا ہے۔ قوم پہلے بھی رجیم چینج آپریشن کے اغراض و مقاصد جانتی تھی آڈیو لیکس نے اس پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ کوئی محب وطن عوام کا درد رکھنے والا اتنا کیسے گرسکتا ہے۔ شریف زرداری خاندان 35 سالوں سے قوم کو ماموں بنا کر اقتدار پر قابض رہا ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایک اشتہاری، منی لانڈرنگ کے بے تاج بادشاہ اسحاق ڈار کو واپس لا کر سیدھا ملکی خزانے پر بٹھا دیا گیا ہے۔ ایک بلے سے دودھ کی رکھوالی ممکن نہیں، اسحاق ڈار ارسطو کی نااہلیوں نالائقیوں کی سزا عوام پہلے ہی بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد معاشرے میں چھوٹے چھوٹے اسکینڈل پر حکومتیں چلی جاتی ہیں، مگر یہاں اتنا بڑا آڈیو اسکینڈل آچکا ہے، کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ عمران خان قوم کا سچا کھرا محب وطن لیڈر ہے، جو مافیا کیساتھ ٹکر دے کر کھڑا ہے۔ عوام کی طاقت سے جلد مافیا کے سب بت پاش پاش کریں گے۔

متعلقہ خبریں