جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے : وزیر اعلیٰ بلوچستان

معاشرے کی تشکیل

کوئٹہ : عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ایک ہزار 493 اساتذہ کو مستقل کیا، ان کے ہاتھوں میں ہمارے بچوں کا مستقبل ہے، معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ تعلیم اور اس کی اہمیت سے ہم سب آگاہ ہیں۔ قوموں کی ترقی اور خوشحالی میں تعلیم کی بہت اہمیت ہے۔ پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ حال ہی میں صوبائی حکومت نے اساتذہ کی آپ گریڈیشن کا دیرینہ مسلئہ حل کیا۔ کابینہ نے گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن بلوچستان ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت ایک ہزار 493 اساتذہ کو مستقل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں نئے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ہم اساتذہ کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ تدریسی عمل کو مؤثر انداز سے جاری رکھنے کے لیے اساتذہ کے مسائل حل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے زائد ہوگئی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے کی بہتری اور ہیومن ریسورس کو وسائل فراہم کرے گی۔ نئے انٹرن اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔ اساتذہ اور خصوصاً خواتین اساتذہ کو تعلیمی اداروں میں آمدوروفت کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیاء کی جارہی ہے۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ اپنی پوری توجہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر مرکوز رکھیں۔ ان کے ہاتھوں میں ہمارے بچوں کا مستقبل ہے۔

متعلقہ خبریں