اسلام آباد: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ ہے، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کے حالات بدترین رخ اختیار کرچکے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستانی عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 75 سال سے بھارت نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کے حالات بدترین رخ اختیار کرچکے ہیں، بھارت کے ان غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کیا ہے۔