لاہور: فواد چودھری کا کہنا ہے کہ جس طرح حکومت چل رہی ہے یہ دوبارہ فیٹف لسٹ میں ڈلوائیں گے، ن لیگ کو سسلین مافیا درست کہا گیا تھا کیونکہ یہ اس قسم کے لوگ ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاہور کو کنٹینرز لگا کر بلاک کیا گیا، لاہوریوں کےلیے شکریہ کا لفظ چھوٹا ہے، 3 ہزار چھاپے مارے گئے 2ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن کے سیکڑوں نوٹسز جاری کیے گئے، لاکھو ں لوگوں نے فسطائی حکومت کے ہتھکنڈوں کو مسترد کیا، عمران خان اسلام آباد پیشی پر گئے پیچھے انکے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور کو ایف آئی آر میں نامزد کیا، یہ عمران خان پر کیسز بناتے جارہے ہیں، اظہر مشوانی کو اغوا کیا گیا 3 دن گزر گئے ان کا کچھ نہیں پتہ، شاہد حسین لندن چھوڑ کر پاکستان آئے وہ بھی تین دن سے غائب ہیں، عامر مغل کے گھر چھاپہ مارا وہ نہیں تھے 10 سال کے بچوں کو پولیس لے گئی۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی، سیاسی اور انتظامی چیلنجز عمران کی ناکام پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں: وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں کی اس طرح سے بےعزتی برداشت نہیں کرسکتے، جس طرح حکومت چل رہی ہے یہ دوبارہ فیٹف لسٹ میں ڈلوائیں گے، 72 گھنٹے میں ابتک آٹے کی قطاروں میں 6 لوگ مرچکے ہیں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت آدھی ہے ہمارے ہاں ڈبل ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کہتا ہے عمران خان نہیں یا ہم نہیں، کیا آپ بدمعاش ہیں، ن لیگ کو سسلین مافیا درست کہا گیا تھا کیونکہ یہ اس قسم کے لوگ ہیں، ہم سوچتے ہیں اگر ہم اقتدار میں آئے تو آپکو سیاست کا پورا موقع دینگے، بینظیر بھٹو 14 سیٹوں کیساتھ اسمبلی میں آئیں، ڈھائی سال بعد وزیراعظم تھیں۔