جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کورونا وباء چیلنج بن کر آئی ہے، پوری قوم عید پر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھے : وزیر اعظم عمران خان

پوری قوم عید پر

اسلام آباد : وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پوری قوم عید پر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھے، غریب اور ضرورت مند طقبے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے پر مسرت موقع پر قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ نے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائی، قربانی اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورت حال سے گزر رہی ہے۔ کورونا وباء ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے، اس وباء نے دنیا بھر میں معاشرتی اور اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے، پاکستان دیگر ممالک کی طرح وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کر کے ان تک قربانی کا حصہ ضرور پہنچائیں : صدر عارف علوی

ان کا کہنا تھا کہ وباء کی روک تھام کے لیے حکومت کو لاک ڈاؤن جیسے اقدامات اٹھانے پڑے، لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقے پر معاشی طور پر منفی اثرات مرتب ہوئے، پوری قوم عید پر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھے، غریب اور ضرورت مند طقبے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس وبا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے، اللہ پاک ہمیں کورونا سے جلد از جلد نجات عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں