جی ٹی وی نیٹ ورک
صحت

کورونا سے آئندہ پانچ ماہ میں 7 لاکھ اموات کا امکان

کورونا سے

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے آئندہ پانچ ماہ کے دوران یورپ میں کورونا سے مزید 7 لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

فرانسیسی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے موسم سرما کے آغاز کے ساتھ یورپی ممالک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر کیسز اسی تیزی کے ساتھ رپورٹ ہوتے رہے اور مریضوں کی حالت خراب رہی تو مارچ 2022 تک یورپ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

ڈبلیو ایچ او نے خدشہ ظاہر کیا کہ کورونا کے بعد سے اب تک یورپ میں شامل 53 ممالک میں 15 لاکھ مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے جبکہ اس بار آنے والی لہر سے ہلاکتیں ماضی کے مقابلے میں تیزی سے رپورٹ ہورہی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا کیسز میں اگر اضافہ اسی تیزی کے ساتھ جاری رہا تو اسپتالوں اور آئی سی یو پر دباؤ بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔

ڈبلیو ایچ او نے اعتراف کیا کہ یورپ اور وسطی ایشیائی ممالک میں بروقت علاج کی وجہ سے کورونا اموات کی شرح میں کمی ضرور آئی مگر ڈیلٹا ویئرنٹ کی تباہ کاری کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا پہاڑی پانی کو محفوظ کرنے کیلئے سوڑا ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ

خیال رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں یورپ میں کورونا کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جرمنی، برطانیہ اورہالینڈ میں متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد حکومتوں کی جانب سے نئی پابندیاں بھی لگائی جارہی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آخر تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دگنی ہوکر 4 ہزار 200 تک پہنچ گئی ہے جبکہ یہ تعداد ستمبر کے آخر تک اوسطاً 2 ہزار 100 کے قریب تھی۔

متعلقہ خبریں