کراچی: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تب تک ترقی نہیں ہوسکتی، ترقی پاکستان کے استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرمایہ کار دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں، کاروباری طبقے کی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، ہم نے حکومت سنبھالی تو مہنگائی عروج پر تھی، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدہ کرکے خود ہی توڑ دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، گزشتہ ایک سال میں جو بھی ہوا وہ سب آپ کے سامنے ہے، حالیہ سیلاب نے معیشت پر برا اثر ڈالا، عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھی، کورونا کے دوران ایل این جی سستی تھی لیکن معاہدے نہیں کیے گئے، ایل این جی معاہدے نہ کرنے سے پاکستان کا نقصان ہوا، آئی ایم ایف نے کڑی شرائط لگائیں، ہمیں آئی ایم ایف کی سخت شرائط ماننا پڑیں، ہم نے آئی ایم ایف کی 100 فیصد شرائط پوری کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: 4 سال چور ڈاکو کا نعرہ لگانیوالا خود پکڑا گیا تو کہتا ہے، جلاؤ گھیراؤ کرو: وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کی مدد سے معاہدے میں جو خامیاں تھیں وہ دور کردیں، چین نے اپنے کمرشل لون رول اوور کردیے، چین نے دوستی کی مثال قائم کی، دوست ممالک آج بھی پاکستان کیلئے بے پناہ اچھی خواہشات رکھتے ہیں، دوست ممالک نے بغیر شرائط کے آئی ایم ایف پروگرام کیلئے تعاون کیا، 9 مئی کو وہ ہوا جو کبھی دشمن سوچ بھی نہیں سکتا تھا، ملک میں ایک سال سے سیاسی عدم استحکام سب کے سامنے ہے، ایک سال میں معاشرے کے ہر طبقے میں تقسیم در تقسیم ہوئی، اس تقسیم نے پاکستان کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں احتجاج ہوئے لیکن کبھی کسی نے ملک کو نقصان نہیں پہنچایا، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تب تک ترقی نہیں ہوسکتی، ترقی پاکستان کے استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔