جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

فارن فنڈنگ اور فنڈ ریزنگ میں فرق ہے، عمران خان نے بڑی وضاحت کردی

فارن فنڈنگ

اسلام آباد: عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر یہ غیر ملکی فنڈنگ ہے تو بیرون ملک پاکستانی جو پیسے بھیجتے ہیں وہ کیا ہے، اوور سیز پاکستانی آپ کو پیسہ بھیجیں تو یہ فارن فنڈنگ کیسے ہوئی۔

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج، عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں 26سال سے سیاست میں ہوں، ہمیشہ کوشش کی آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کریں، اسلام آباد کو ایک قلعے کی شکل دی گئی ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے اسلام آباد پر کوئی حملہ کرنے آرہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ہر مشکل سے نکلتی جا رہی تھی، ہماری حکومت کو سازش کے تحت ختم کرایا گیا، حکومت گری تو یہ سب مطمئن تھے کہ تحریک انصاف ختم ہوگئی ہے، میں 25 مئی کو ہونے والا ظلم کبھی نہیں بھولوں گا، ڈی چوک میں عوام پر ظلم کیا گیا، شیلنگ ہوئی ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں، ان کا خیال تھا ایک بار ڈرائیں گے تو بھیڑ بکریوں کی طرح چپ کر کے بیٹھ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا الیکشن بھی یہ دھاندلی کر کے جیتنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہ ہوا، یہ ہمیشہ اداروں کو استعمال کرتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کو اسی خوف سے قتل کیا گیا تھا کہ وہ سڑکوں پر نہ آجائے، ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، ان کے کہنے پر الیکشن کمیشن نے جلدبازی میں فیصلہ سنایا، انہیں خوف ہے کہ قوم آزاد ہو رہی ہے، یہ الیکشن کمیشن کو استعمال کر کے قوم کو غلام بنانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی نااہلی کے لیئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈھائی سال انتخابی اصلاحات کیلئے کوششیں کیں، اگر ای وی ایم آجاتی تو دھاندلی ناممکن ہو جاتی، ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 163 طریقوں سے دھاندلی ہوتی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہیں آنے دی، الیکشن کمیشن نے بھی ان 2 جماعتوں کا بھرپور ساتھ دیا، سینیٹ الیکشن میں ایم پی ایز کو خریدا جاتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں بھی منڈی لگی، الیکشن کمیشن کو فرق نہیں پڑا، لاہور میں بھی الیکشن کے دوران پیسے دیتے ہوئے لوگ پکڑے گئے، کرپٹ قوتیں ملک کو کنٹرول کرنا چاہتی ہیں، پیسے کے بغیر سیاسی پارٹی نہیں چل سکتی، کسی بھی سیاسی جماعت کو پیسہ چاہیے ہوتا ہے، شوکت خانم کے لیے پیسے جمع کیے، آدھا پیسہ تو بیرون ملک سے ملا، تحریک انصاف پہلی پارٹی تھی جس نے سیاسی فنڈ ریزنگ کی، ان دونوں پارٹیوں کو تو باہر سے کوئی پیسہ نہیں دیتا، اگر یہ غیر ملکی فنڈنگ ہے تو بیرون ملک پاکستانی جو پیسے بھیجتے ہیں وہ کیا ہے، اوور سیز پاکستانی آپ کو پیسہ بھیجیں تو یہ فارن فنڈنگ کیسے ہوئی؟۔

متعلقہ خبریں