لاہور: خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی، جو ریڈ لائنز اس دن کراس ہوئیں اس سے قبل کسی نے سوچا بھی نہ تھا، فوجی تنصیبات کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پر حملہ ہوا، تباہی پھیلائی گئی، جناح ہاؤس کو بے دردی سے آگ لگائی گئی، یہ سب کچھ اچانک نہیں، پلاننگ کے تحت کیا گیا، یہ ایک باقاعدہ ترتیب دی گئی بغاوت تھی، اس کے لیے باقاعدہ 8 سے 10 دن تک ٹریننگ دی گئی، میرے نزدیک یہ ریاست کے خلاف بغاوت تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کو ہونے والے پر تشدد واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں : آرمی چیف
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران پر حملہ ہوا کوئی ری ایکشن نہیں آیا گرفتاری پر کیوں آیا، عمران خان نے کبھی فوجی قیادت کو نشانہ بنانے کا موقع نہیں چھوڑا، جو ریڈ لائنز اس دن کراس ہوئیں اس سے قبل کسی نے سوچا بھی نہ تھا، فوجی تنصیبات کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی، 9 مئی کو اللہ نے بچایا ہے مزید تباہی ہوجاتی ہے، دنیا کی کوئی بھی قوم اس چیز کو معاف نہیں کرسکتی، یادگاروں، مجسموں کو گرایا گیا ان کی بھی بے توقیری کی گئی، 9 مئی کو کسی سویلین انسٹیٹیوشن پر حملہ نہیں ہوا، اس شہر میں گورنر، رینجرز ہاؤس اور بھی بہت سرکاری عمارتیں ہیں۔