لاہور: فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ عمران خان پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، یہ عمران خان کو دہشت گرد تنظیم کے ذریعے قتل کرانا چاہتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فواد چودھری کو ہائی کورٹ میں پیش کرنا چاہیے، لگتا ہے نگراں سیٹ اپ بھارتی ایکشن فلموں سے زیادہ متاثر ہے، میرے خلاف مضحکہ خیز ایف آئی آر درج کی گئی، آپ نے جتنی ایف آئی آرز کرنی ہیں کرلیں اور اپنا شوق پورا کریں، ہماری آپ سے کوئی دشمنی نہیں، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام، میرے پاس ثبوت ہیں : شیخ رشید
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کے ساتھیوں کی زبان بندی کرنا چاہتے ہیں، پچھلے 9 ماہ میں جو ہوا ایسا آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوتا، عمران خان پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، یہ عمران خان کو دہشت گرد تنظیم کے ذریعے قتل کرانا چاہتے ہیں، عمران خان پاکستان کی بات کرتا ہے، ہم نے ملک کو توڑنا نہیں جوڑنا ہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگیا ہے، انہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں استعفے منظور ہونے سے پہلے 2 اسمبلیاں تحلیل ہوئیں، الیکشن کمیشن نے ابھی تک صوبوں میں انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔