جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

تیسرا ٹی20 میچ : پاکستان سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب، بنگلہ دیش کو کلین سوئپ

third-t20-match-pakistan-wins-after-thrilling-contest-clean-sweep-to-bangladesh
تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئیپ کر دیا۔

پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں بھی بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دھانی نے پہلے اوور میں ہی اپنی پہلی وکٹ حاصل کر لی، عثمان قادرنے بنگلہ دیش کے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 124 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آوٹ ہوئے جبکہ پاکستان کی جانب سے عثمان قادر اور محمد وسیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 25 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر محمد رضوان کا ساتھ دینے حیدر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد رضوان نے 43 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے لیکن شاہد الاسلام نے ان کی وکٹ اڑائی۔

حیدر علی کا ساتھ دینے سرفراز احمد آئے لیکن وکٹ کیپر بلے باز پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے جس کی وجہ سے درکار رن ریٹ بڑھتا گیا۔

آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے لیکن اوور کی دوسری ہی گیند سرفراز احمد باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔

 

یہ پڑھیں : فاسٹ بالر شاہ نواز دھانی نے ڈیبیو کرلیا

 

پاکستان کو اگلا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر حیدر بھی چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، حیدر نے 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 45رنز بنائے۔

 

افتخار نے آتے ہی چھکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر وہ بھی کیچ ہو گئے جس کی بدولت محموداللہ نے تیسری وکٹ حاصل کی۔

 

پاکستان کو آخری گیند پر فتح کے لیے دو رنز درکار تھے لیکن آخری گیند سے قبل کچھ ڈرامائی لمحات بھی دیکھنے کو ملے۔

بنگلہ دیشی کپتان نے آخری گیند کرائی لیکن نواز نے گیند وکٹ پر پہنچنے سے قبل ہی وکٹ چھوڑ دی اور امپائر نے اس گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جبکہ اگلی گیند پر محموداللہ نے رن اپ مکمل کرنے کے بعد بھی گیند نہ پھینکی۔

تاہم یہ ڈرامائی لمحات اس وقت اختتام کو پہنچے جب نواز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے بعد 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکا ہے۔

متعلقہ خبریں