وہاڑی: مریم نواز کا کہنا ہے کہ لوگوں کے ہاتھوں میں تیلی اور ماچس عمران خان نے تھمائی، یہ تبدیلی جس گندے نالے سے نکلی تھی وہاں جاکر ڈوبے گی۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا جلسے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کتنا بڑا غدار ہے وہ جس نے شہدا کی یادگار کو آگ لگائی، جو ملک کے دشمن نہ کرسکے وہ عمران خان نے کردیا، 9 مئی کے واقعات اچانک نہیں ہوئے، دہشت گردی کا منصوبہ زمان پارک میں بنایا گیا، ان واقعات کا ماسٹر مائنڈ توشہ خانہ چور تھا، 60 ارب کا ڈاکہ ڈالنے والے نے منصوبہ بندی کی، جو دشمن نہ کرسکا وہ عمران خان نے کر دکھایا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بتا رکھا تھا گرفتار ہوا تو تم لوگوں کو ادھر جانا ہے، میانوالی میں شرپسندوں نے طیاروں کو نشانہ بنایا، جلائے گئے طیارے ہمارا فخر تھے، راولپنڈی میں کارکن لال حویلی نہیں سیدھا جی ایچ کیو گئے، ہم نے قمر جاوید باجوہ، فیض حمید کے خلاف اسٹینڈ لیا تھا، نواز شریف نے کہا قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کو جواب دینا پڑے گا، عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کو روکا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 25 مئی کو لانگ مارچ لے کر اسلام آباد آیا، 25 مئی کے لانگ مارچ کا مقصد اہم تعیناتی سے روکنا تھا، کہا تھا نواز شریف کے کمرے کا اے سی اتروادوں گا، کہتا تھا نواز شریف کو چھوڑوں گا نہیں آج نشان عبرت بنا بیٹھا ہے، میں نے اپنے باپ کا سر فخر سے بلند کیا، ملک کی خاطر جیل تو دور کی بات جان بھی دے دیں گے، نواز شریف اور اس کی بیٹی انقام پر یقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نے تکبر میں فیصلہ کیا اسمبلیاں توڑ دوں گا بازی پلٹ جائے گی، لانگ مارچ لے کر آؤں گا تو بازی پلٹ جائے گی، اس نے سوچا فوج پر حملہ کروں گا تو بازی پلٹ جائے گی، فواد چودھری تحریک انصاف سے ہی نکل گیا، سیاستدان نہیں، چور اور ڈاکو جیل جانے سے ڈرتا ہے، پی ٹی آئی والے جہاں سے آئے وہیں چلے گئے، کہتا ہے پارٹی پر بڑا پریشر ہے، پریشر وہ ہوتا ہے جب باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا جائے، ہم نے خواتین کو کبھی ڈھال نہیں بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: 4 سال چور ڈاکو کا نعرہ لگانیوالا خود پکڑا گیا تو کہتا ہے، جلاؤ گھیراؤ کرو: وزیراعظم
مریم نواز کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ پر منشیات کا مقدمہ بنایا گیا، جو لیڈر خود گیدڑ نکلے تو لوگ کیسے ساتھ کھڑے ہوں گے، پولیس پکڑنے آئے تو 6 ماہ تک پلستر نہیں اترتا، پریس کانفرنسز میں لوگ تمہارے خلاف گواہیاں دے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کو صرف ایک بندہ چودھری نثار چھوڑ کر گیا، لوگوں کے ہاتھوں میں تیلی اور ماچس عمران خان نے تھمائی، نوجوانوں کو ورغلانے والا عمران خان آج بھی کھلا پھر رہا ہے، عمران خان نے جلاؤ گھیراؤ کے علاوہ کوئی سبق نہیں دیا۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے چادر اور چار دیواری کی توہین کی جارہی ہے، تمہاری اہلیہ چور ہے اور توشہ خانہ کو خالی کردیا گیا، القادر ٹرسٹ کے بدلے اس نے 500 کنال زمین لی، جب مجھے جیل میں دھکے پڑتے تھے اس وقت خواتین کی بے حرمتی نہیں ہوتی تھی، اس نے خواتین کو پیٹرول بم بنانے کی تربیت دی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تمہاری بیوی قابل احترام ہے کیا دوسروں کی نہیں، ماؤں سے کہا تھا عمران خان کے پیچھے بچوں کو برباد نہ کریں، عمران خان کے بچے لندن میں عیاشی کررہے ہیں، غریب کے بچے عدالتوں میں کیسز بھگت رہے ہیں، یہ تبدیلی جس گندے نالے سے نکلی تھی وہاں جاکر ڈوبے گی۔