کراچی: پی ایس ایل 4 میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری

کراچی: ٹریفک پولیس کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور کراچی میں ہونے والے میچز کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔ شائقین کے لئے پارکنگ مقامات مخصوص کر دئیے گئے ہیں جبکہ پارکنگ کے لئے اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی اور غربی سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے لیاقت آباد نمبر دس اور نیپا چورنگی سے ہوتے ہوئے حکیم سعید پارک، اردو یونیورسٹی گراونڈ اور بیت المکرم مسجد کے قریب اتوار بازار میں اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارک کرسکیں گے، پارکنگ کے بعد شائقین کرکٹ کو شٹل کے ذریعے ایکسپو سینٹر لایا جائے گا۔

اب بات کرتے ہیں ضلع شرقی اور ملیر کے رہنے والوں کی، ان اضلاع کے کرکٹ لوورز براستہ ڈرگ روڈ، راشد منہاس روڈ پہنچ سکیں گے اور ڈالمیا سے بائیں جانب ہوکر نیشنل اسٹیڈیم کا راستہ اختیار کریں گے، جہاں سے آپ کو بزریعہ شٹل بحریہ یونیورسٹی تک لایا جائے گا اور پھر نیشنل اسٹیڈیم تک پیدل جانا ہوگا۔

ضلع جنوبی یعنی ڈسٹرکٹ ساوتھ کے کرکٹ شائقین، کورنگی، ڈیفنس کا راستہ اختیار کرکے شارع فیصل اور شارع قائدیں پہنچ سکیں گے، جہاں سے اللہ والی چورنگی، سوسائیٹی ٹریفک سگنل، پیپلز چورنگی اور حسن اسکوائر پہنچ کر یونیورسٹی روڈ پر آئیں گے اور بیت المکرم سے یو ٹرن لے کر ایکسپو سینٹر پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی تلاشی کے بعد ایکسپو سینٹر کے اندر سے ہوتے ہوئے گیٹ نمبر دو سے باہر نکل کر نیشنل اسٹیڈیم جاسکیں گے۔ شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ اور راشد منہاس روڈ اور ناظم آباد سے آنے والے بھی یہی راستہ اختیار کرسکیں گے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ گاڑیوں کی پارکنگ بنا شناختی کارڈ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور ساتھ ہی میچ کا ٹکٹ بھی اپنے ساتھ رکھیں جسے بوقت ضرورت سیکورٹی اہلکاروں کو دکھانا ہوگا۔

راشد منہاس روڈ پر ملینیم مال سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی شاہراہ عام ٹریفک کے لئے بند رہے گی اور صرف میچ ٹکٹ رکھنے والوں کو ہی آگے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاون موڑ بھی بند ہوگا اور اس راستے کے متبادل کے طور پر شہری جیل چورنگی سے شہید ملت یا پھر پیپلز چورنگی کا راستہ اختیار کرسکیں گے۔

اب بات کرتے ہیں شہر کے دو بڑے اسپتالوں لیاقت نیشنل اور آغا خان کی جہاں جانے والوں کو نیو ٹاوں تھانے کے سامنے سے گزر کر اسپتال جانے کی اجازت دی جائے گی۔

عام شہریوں کے لئے یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لئے کھلی رہے گی اور اس ہی طرح لیاری ایکسپریس وے کے دونوں ٹریک مکمل طور پر ٹریفک کے لئے کھلے رہیں گے۔

شہر سے گزرنے والی ہیوی ٹریفک کو کسی صورت سہراب گوٹھ سے نیپا چورنگی، لیاقت آباد نمبر دس سے حسن اسکوائر اور پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹریفک پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی شاہراہ پر گاڑی کو پارک نہ کریں گاڑی صرف اور صرف مقررہ پارکنگ لاٹ میں ہی کھڑی کی جاسکے گی۔