جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

ٹوکیو اولمپکس 2021ء کے موسمِ گرما میں منعقد کیے جائیں گے

اولمپکس

ٹوکیو: جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نئے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے تناظر میں ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس ایک سال کیلئے ملتوی کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔

جاپانی وزیراعظم اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ نے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس کے دوران 2020 کے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو ملتوی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

جاپانی ذرائع کے مطابق جاپانی وزیر اعظم آبے نے تقریبا ایک سال کیلئے ٹوکیو اولمپک کھیل ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی۔

نئے کورونا وائرس کے یورپ میں تیزی سے پھیلاؤ کے بعد گزشتہ ہفتے اسپین کی اولمپک کمیٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے کھلاڑی اولمپکس کی تیاری کرنے سے قاصر ہیں۔

اس ہفتے کینیڈا نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے تناظر میں 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں اپنے کھلاڑیوں کو نہیں بھیجے گا۔

دوسری جانب امریکہ سمیت کئی ملکوں کے اولمپک کھلاڑیوں نے زور دیا تھا کہ اس سال ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو ملتوی کردیا جائے۔

جاپان اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی پر یہ دباؤ تیزی سے بڑھتا جارہا تھا کہ وہ 2020ء کے ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کو ملتوی کردیں جو کہ 24 جولائی سے شروع ہونے والے تھے۔

ابھی یہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ 2021ء میں ٹوکیو اولمپک کھیل کس مہینے اور کس تاریخ کو شروع ہوں گے لیکن یہ اتفاق رائے کرلیا گیا ہے کہ اب ٹوکیو اولمپک اگلے سال موسمِ گرما میں منعقد کروائے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں