جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

توشہ خانہ ریفرنس : آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

زرداری کے وارنٹ

اسلام آباد : احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی، جج محمد اصغر علی نے نواز شریف کے اشتہار جاری کر دیئے۔

جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹس پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا ہے۔ نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔ آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر کیا کہتے ہیں؟

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آصف زرداری کے سمن اسلام آباد اور کراچی دونوں جگہ کے جاری کیے گئے ہیں۔ جو مؤکل کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا وہ غیر مناسب ہے۔ آصف علی زرداری کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا ابھی چارج فریم نہیں ہوا تو کیسے یہ بات کر سکتے ہیں۔ اہم اسمبلی کا اجلاس تھا زرداری صاحب وہاں نہیں جا سکے۔ آپ حکم کریں گے زرداری صاحب پہنچ جائیں گے۔ ناقابل ضمانت وارنٹ اس وقت جاری کیے جاتے ہیں جب ہم تعاون نہ کر رہے ہوں۔

جج اصغر علی نے کہا کہ نواز شریف کی عدم پیشی پر اشتہار جاری کر رہے ہیں، آصف علی زرداری کے وارنٹ بھی جاری کر دیتے ہیں۔ میں لمبی تاریخ دے دیتا ہوں پھر آصف زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں۔ آپ نے جو رپورٹ پیش کی ہے وہ غیرمطمئن کن ہے۔

عدالت نے آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں عدالت سے درخواست کرتا ہوں کہ آصف زرداری کے وارنٹ جاری نہ کریں، میں بیان دے رہا ہوں کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونگے۔ میں سینئر وکیل عدالت میں بیان حلفی دے رہا ہوں، یہ بڑی بات ہوتی ہے۔ آصف زرداری سابق صدر پاکستان ہیں وہ کہیں بھاگ نہیں رہے۔

جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ میں نے اب آرڈر کر دیا ہے وہ اب واپس نہیں ہو گا، عدالت نے آپ نے ایڈریس مانگ کر اس پر سمن جاری کیا تھا لیکن وہ پھر بھی پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں