اسلام آباد : خیبر پختونخوا میں زلزلے سے دو افراد جاں بحق اور 66 افراد زخمی ہوئے، کئی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پاکستان کے بیشتر مقامات پر گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا۔ 3.7 کا ایک آفٹر شاک بھی آیا۔ خیبر پختونخوا میں زلزلے سے 2 افراد جاں بحق اور مختلف مقامات پر 66 افراد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی اسلام آباد ہنگامہ آرائی، سرکاری ملازمین اور تارکین وطن بھی شامل، 316 گرفتار
صوابی میں گھر کی چھت گرنے سے پانچ افراد، چترال میں گھر اور چھت اور دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔ گلگت بلتستان کے علاقے استور میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستہ بلاک ہوگیا۔ اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں خداداد ہائٹس بلڈنگ کو نقصان پہنچا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے زلزلے سے نقصانات پر اظہار افسوس اور اموات پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات، عوام کی مدد سہولیات کی فراہمی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔