جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

عمر شریف 36 گھنٹے کے اندر امریکا روانہ ہوں گے، سندھ حکومت

عمر شریف

سندھ حکومت نے کہا کہ لیجنڈری اداکار عمر شریف کے امریکا سے علاج کروانے کے تمام انتظامات تقریبا مکمل ہوچکے ہیں اور اداکار آئندہ 24 سے 36 گھنٹے کے اندر روانہ ہوجائیں گے۔

کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے ویزا ملتے ہی عمر شریف علاج کے لیے روان ہوجائیں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر عمر شریف کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے گئے اور صوبائی حکومت لیجنڈری اداکار کے علاج کے لیے مزید ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ عمر شریف کے امریکا روانگی سے متعلق باقی تمام انتطامات مکمل ہوچکے ہیں، بس ویزا کا اجرا ہوتے ہی لیجنڈری اداکار روانہ ہوجائیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے کہا کہ عمر شریف روئے زمین پر ایک ہی ہیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں، سندھ حکومت کے فرائض میں شامل تھا کہ مشکل کی گھڑی میں ان کا ساتھ دیا جائے۔

انہوں نے لیجنڈری اداکار کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ عمر شریف جلد صحت یاب ہوکر عام کو ہنسانے کا مشن جاری رکھیں گے۔

عمر شریف کے امریکی ویزے کے لیے دستاویزات جمع کروادیے:جواد عمر

پریس کانفرنس کے دوران آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے عمر شریف کے علاج کے لیے فنڈز کے اجرا پر سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت نہ صرف کسم پرسی کا شکار ہونے والے فنکاروں کی مدد کے لیے تعاون کر رہی ہے بلکہ آرٹس کونسل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی مدد کر رہی ہے۔

اس موقع پر عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے بھی سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور والد کی صحت سے متعلق بھی بات کی ۔

جواد عمر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے والد کی بیماری کے بستر پر کھینچی گئی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے ان کے اہل خانہ کی دل آزاری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے والد کے علاج کے لیے فنڈز جاری کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر رقم جاری کرنے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں۔

جواد عمر کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے اندر حب الوطنی بھری ہوئی ہے، انہوں نے اپنی اداکاری سے ملک کا نام روشن کیا، لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ ان محبتوں کے لیے عوام کے مشکور ہیں۔

متعلقہ خبریں