ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے، ہمیں ایک بار پھر جرمن ٹینکوں سے خطرہ لاحق ہے۔
اسٹالن گراڈ کی جنگ کے اختتام کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریر میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر روس کے حملے کا موازنہ نازی جرمنی کے خلاف لڑائی سے کیا ہے۔
یوکرین میں ٹینک بھیجنے کے جرمنی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے۔ یہ ناقابل یقین لیکن سچ ہے۔ ہمیں ایک بار پھر جرمن ٹینکوں سے خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ روایتی ہتھیاروں سے آگے بڑھنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آسٹریا نے چار روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ میدان جنگ میں روس کو شکست دینے کی امید رکھتے ہیں، وہ نہیں سمجھتے، ایسا لگتا ہے کہ روس کے ساتھ جدید جنگ ان کے لیے بہت مختلف ہو گی۔ ہم اپنے ٹینک ان کی سرحدوں پر نہیں بھیج رہے ہیں، لیکن ہمارے پاس جواب دینے کے ذرائع موجود ہیں۔ یہ صرف بکتر بند ہارڈ ویئر کے استعمال تک محدود نہیں ہوگا۔ ہر کسی کو یہ سمجھنا چاہیے۔
روسی صدر نے کہا کہ اب، بدقسمتی سے، ہم دیکھتے ہیں کہ نازی ازم کا جدید نظریہ ایک بار پھر ہمارے ملک کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرات پیدا کر رہا ہے۔ بار بار ہمیں مغرب کی اجتماعی جارحیت کو پسپا کرنا ہوگا۔
پیوٹن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگرچہ یہ ناقابل یقین لیکن سچ ہے کہ روس کو دوبارہ جرمن ٹینکوں سے خطرہ لاحق ہے، ماسکو کے پاس کسی بھی ایسے ملک کے لیے جواب موجود ہے، جو اسے دھمکی دیتا ہے۔