جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

ترقیاتی منصوبوں میں کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے : عثمان بزدار

کسی کو لوٹ مار

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنائے جاتے ہیں، کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کا میکانزم بنا لیا ہے، جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت ہیں، ان کی بروقت تکمیل بہت اہم ہے۔ منصوبو ں کی نگرانی کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے میں لوٹ مار قصہ پارینہ ہے۔ ترقیاتی منصوبے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنائے جاتے ہیں،

کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ شہر شہر دورے کرکے ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر بڑے چھوٹے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر نظر ہے، بے ضابطگیاں نہیں کرنے دیں گے۔ اسکولوں اور ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کرکے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کریں گےْ سرکاری احکامات کو زیر التوا ڈالنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں نمائشی منصوبے شروع کرکے قومی خزانہ لٹایا گیا۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہے، کورونا سے صورتحال خطرناک رخ اختیار کررہی ہے : عثمان بزدار

انہوں نے کہا کہ شوبازی کرنے کی منفی سیاست دفن ہوچکی ہے۔ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔ پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید اقدام ہے۔ گردواروں، مندروں اور گرجا گھروں کی تعمیر و مرمت بھی کی جائے گی۔

اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی فاش غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے گیا۔

ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم، صوبائی وزیر توانائی اختر ملک، ایم این اے سردار خان لغاری، اراکین پنجاب اسمبلی مہندرپال سنگھ، سلیم اختر اور غلام علی اصغر میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں