جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

جلد ہی بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے : عثمان بزدار

جلد ہی بہاولپور

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے وسائل کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا، جلد ہی بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو بھی وعدہ کیا وہ نبھایا۔ ملتان کے بعد اب جلد ہی بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ بہاولپور کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کرلیا ہے۔ بہت جلد دورہ کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کے وسائل کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا۔

آئندہ کوئی بھی جنوبی پنجاب کے وسائل پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سردار یار محمد، جام کمال کے خلاف متحرک، ان ہاؤس تبدیلی کے لئے کوششیں تیز

عثمان بزدار نے کہا کہ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ پنجاب میں گورننس کا ماڈل بدل دیا ہے۔ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا۔ سب کو ساتھ لیکر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی۔ پنجاب میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار عوامی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے ترتیب دئیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی رانا قاسم نون، میاں شفیق آرائیں، طاہر اقبال، فاروق اعظم، عبدالغفار وٹو اور رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چوہدری شامل تھے۔

متعلقہ خبریں