وائٹ کالر کرپشن کے مقدمات کو انجام تک پہنچائیں گے : چیئرمین نیب

لاہور: فیروز پور سٹی کے متاثرین میں 73 کروڑ روپے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نیب ایک فعال اینٹی کرپشن کا ادارہ ہے، میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ہم نے ڈبل شاہ کو سنگل بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نیب نے اپنے قیام سے لیکر اب تک لوٹے گئے 303 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ہاوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی رقوم کی واپسی بھی نیب کی ترجیح ہے، نیب کے مقدمات میں ٹرائل کورٹ میں مجموعی سزا کی شرح 70 فیصد سے زائد ہے۔  نیب کی تحویل میں کسی کو ہتھکڑی نہیں لگائی جائے گی۔

جاوید اقبال نے کہا کہ بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جو ملک کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، نیب کی موثر انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی اور شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں کمی آئی ہے، پلڈاٹ، مشعال، گیلانی اینڈ گیلپ سروے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور عالمی اقتصادی فورم جیسے معتبر اداروں نے نیب کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔