جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

آزادی کی حفاظت کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہائیں گے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وطن عزیز ایک مقصد امانت اور مشن ہے، آزادی کی حفاظت کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ آج ہم یوم آزادی کی خوشیاں منارہے ہیں، دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجالاتے ہیں، پاکستان کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں سے سیکڑوں لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے، سیلاب سے کئی بچے اور بچیاں اپنے والدین سے ہمیشہ کیلئے بچھڑ گئے، حالیہ بارشوں سے ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں زیادہ نقصان ہوا، دعا ہے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کو بھی جلد آزادی ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں تھا، قیام پاکستان کی ولولہ انگیز داستان ہمارے لیے ایک سبق ہے، جب قومیں نصب العین طے کرتی ہیں تو پہاڑ اور سمندر بھی ان کا راستہ نہیں روک سکتے، مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے جن کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا، خون کے دریا عبور کیے، شہادتیں دیں لیکن مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے خون کی نظر ہوئیں، ملکی حصول میں جدوجہد کرنے والے اقلیتوں کی جدوجہد کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کےلیے ملک حاصل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 14 اگست کے موقع پر صدر مملکت کا قوم کے نام پیغام

انہوں نے کہا کہ پاکستان سول سوسائٹی کی خدمات کے اعتراف کا بھی دن ہے، عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وطن عزیز ایک مقصد امانت اور مشن ہے، قیام پاکستان کا ایک مقصد مکمل ہوچکا، دوسرا مقصد ہنوز جاری ہے، قیام پاکستان کا دوسرا مقصد ہم سب نے ملکر پورا کرنا ہے،

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صنعت و حرفت، معیشت کے شعبے میں ملک ترقی کررہا ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں نمایاں افراد سامنے آرہے ہیں، ملک کو جوہری قوت بنانے کےلیے آغاز ذوالفقار علی بھٹو اور تکمیل نواز شریف نے کی، نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشکول اٹھا کر سمندر میں پھینک دیں، دنیا میں کھویا ہوا اصل مقام حاصل کرنا ہے تو آئیں سب ایک ہوجائیں، امانت، دیانت، دن رات کی مخلسانہ محنت کو شعار بنا کر اپنے مشن کو کامیاب بنائیں، آزادی کی حفاظت کےلیے خون کا آخری قطرہ تک بہائیں گے۔

متعلقہ خبریں