جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

یاسر شاہ کی شاندار سنچری لیکن پاکستان فالو آن کا شکار

پاکستان

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے پنک بال میچ میں قومی ٹیم آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں 302 رنز پر دھیڑ ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی ہے۔ قومی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور کے مقابلے میں اب بھی 287 رنز کے خسارے میں ہے۔

قومی ٹیم کا اسکور 194 رنز پر پہنچا تو بابراعظم مچل اسٹارک کا شکار ہو گئے، انہوں نے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 192 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ یاسر شاہ 113 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ محمد موسیٰ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6 اور پیٹ کمنز نے 3 اور جوش ہیزلوڈ نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے، بابراعظم 43 اور یاسر شاہ 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹیم، ٹیسٹ سیریز میں شکست کے دہانے پر

ڈیوڈ وانر نے ناقابل شکست 335 رنز بنائے تھے جب کہ مارنس لبوشین نے بھی 162 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں