امت مسلمہ آج حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یوم شہادت منا رہی ہے

کراچی: آج ملک بھر میں  علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے ایک طویل مدت تک اہلِ ایمان کے قلوب و اذہان کو قرآن و حدیث اور علم و عرفان سے فیض یاب فرمایا۔

اسلام کی راہ میں آخر عمر تک کفار سے برسرِپیکار رہے اور دین اسلام کی بے مثال تبلیغ اور ہر قدم پر اپنے سابق خلفائے راشدین اور صحابۂ کرام کی ہر ممکن رہنمائی فرمائی۔

حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک بھر میں آج جلوس نکالے جارہے ہیں۔

جبکہ کراچی میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسنیان ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔

جلوس مزار قائد سے پی پی چورنگی، نیو ایم اے جناح روڈ اور کوریڈور تھری سے گزرے گا۔ ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ سے گزرتے ہوئے جلوس بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسنیان ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

نمائش جانےوالی ٹریفک کو شاہراہ قائدین پرسوسائٹی آفس سے آگے جانےنہیں دیا جائیگا۔ اسٹیڈیم روڈ سےآنے والی ٹریفک کونیو ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت ہوگی۔

جبکہ جیل روڈ سے ٹریفک جمشیدروڈ، کشمیرروڈ، شاہراہ قائدین پر موڑ دیا جائے گا۔ لیاقت آباد سےٹریفک کو جیل چورنگی فلائی اوور تک جانے کی اجازت ہوگی۔ لیاقت آباد سے آنے والاٹریفک مارٹن روڈ جمشید روڈ کی جانب بھیجا جائیگا۔

 ناظم آباد سےآنے والاٹریفک لسبیلہ سے نشتر روڈپرموڑدیا جائیگا۔ ٹریفک سولجر بازار،انکل سریا چوک سے جوبلی یا نشتر روڈپر موڑا جائیگا جبکہ ایم اے جناح روڈ سےجلوس بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا منزل پر پہنچے گا۔

ملک بھر میں جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔