لاہور: عثمان انور کا کہنا ہے کہ شدید مزاحمت کے بعد زمان پارک کے علاقے کو کلیئر کرلیا ہے، پولیس نے حملہ آوروں کو زمان پارک سے گرفتار کیا۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اور آئی جی پنجاب عثمان انور نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ پولیس نے زمان پارک میں آپریشن کیا، تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس پر حملہ کیا، شرپسندوں کے خلاف مقدمات کیے گئے، شرپسندوں نے کروڑوں کی املاک کو نقصان پہنچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کو نوگو ایریا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈی آئی جی آپریشنز کی سربراہی میں پولیس زمان پارک گئی۔
اس کے علاوہ آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس سرچ وارنٹ کے ساتھ زمان پارک گئی، لیڈی پولیس کے ہمراہ زمان پارک میں سرچ وارنٹس کے ساتھ گئے، جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کی فہرست تیار کی۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس زمان پارک کا گیٹ توڑ کر اندر داخل، ممنوعہ سامان برآمد، 40 کارکنان گرفتار
عثمان انور کا کہنا تھا کہ شدید مزاحمت کے بعد زمان پارک کے علاقے کو کلیئر کرلیا ہے، جہاں سے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے اس جگہ کو کلیئر کرلیا گیا ہے، پولیس نے حملہ آوروں کو زمان پارک سے گرفتار کیا، زمان پارک سے اسلحہ، پیٹرل بم اور غلیل کی گولیاں بر آمد ہوئیں، پیٹرول بم رینجرز اور پولیس کی گاڑیوں پر پھینکے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے کہنے پر پولیس نے پیش قدمی روکی، ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق گھر کے مالک کا انتظار کررہے ہیں، گرفتار لوگوں میں جو بے گناہ ہو اس کو چھوڑ دیا جائے گا، آج زمان پارک میں اسلحہ کے بغیر آپریشن کیا، ہم قانون کے مطابق اپنی نفری پارک میں رکھیں گے۔