عمران کو مشورہ ہے، استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، آصف زرداری

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے کر گھر جانے کا مشورہ دے دیا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا عمران خان اگر ملکی قرضوں کے حوالے سے 1947 سے کمیشن نہیں بنانا چاہتا تو پچھلے 20 سال کا تو بنائے اور اگرعمران خان بہت پہلے والوں کی پگڑیاں نہیں اچھالنا چاہتا تو مشرف کے دور سے توآغاز کرے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کیسے کہا ملک مستحکم ہو گیا؟ کیا لوگوں کی تنخواہیں بڑھ گئی ہیں؟ میرے دورمیں تو سب کی تنخواہیں بڑھتی تھیں، جب ہم اپنی دنیا میں ہوتے ہیں تو اپنا خیا ل نہیں رکھتے بلکہ سب کا خیال رکھتے ہیں، ہم نے بجٹ میں سب کو نوازا مگر انہوں نے غریب عوام کو فاقوں پر مجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کچھ بھی کہتے رہتے ہیں پہلے عمران خان نے کہا تھا خود کو گولی مار لوں گا سیاست میں نہیں جاؤں گا، پھر کہا خودکشی کر لوں گا، آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، عمران خان اگر میرا مشورہ مانے تو استعفی دے اور گھر جائے باقی کام چھوڑیں۔

بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا بجٹ کی منظوری کا انحصار اخترمینگل پر ہے وہ کدھر بیٹھتے ہیں اگر اختر مینگل اپو زیشن کی طرف بیٹھ گئے تو حکومت کبھی بھی بجٹ منظور نہیں کرواسکتی ہے۔