ضیاء اللہ خان بنگش کا انصار الاسلام فورس کے چیف کے خلاف ایکشن

خیبرپختونخوا: ضیاء اللہ خان بنگش نے انصار الاسلام فورس کے چیف افسر خان کے خلاف ایکشن لیا، خان گورنمنٹ ہائی سکول خیبرپختونخوا کا ٹیچر نکلا۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کا چیف افسر خان سکول ٹیچر نکلا جو گورنمنٹ ہائی سکول ڈوگر ضلع کرم ایجنسی میں اسلامیات کا ٹیچر ہے۔

مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے ایکشن لیتے ہوئے افسر خان کی چھٹی کینسل کر دی اور سکول رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول حاضر نا ہونے کی صورت میں افسر خان کو نوکری سے فارغ تصور کیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کرم کی جانب سے اسکول رپورٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

ضیاء اللہ خان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے اور یہ محترم بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی پارٹی کی انصار الاسلام فورس کا چیف بنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اُستاد کا قوم کے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری چھوڑ کر سیاسی دھرنے میں پارٹی کا چیف بننا افسوس ناک ہے۔ اب انکو اسکول رپورٹ نہ کرنے کی صورت میں نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اپنے اضلاع میں اساتذہ کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھیں۔